عثمان بزدار کے مبینہ فرنٹ مین عظیم بلوچ کا قومی خزانے کو کروڑوں کا ٹیکہ
تونسہ (ڈیلی گرین گوادر) تونسہ میں سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے 8 رکنی بزدار گینگ کی قومی خزانے میں لوٹ مارسامنے آگئی۔تونسہ کو محفوظ بنانے کے لئے سپربند میں کروڑوں کی کرپشن بے نقاب ہوگئی ہے اور انکشاف ہوا ہے کہ عثمان بزدار کے مبینہ فرنٹ مین عظیم بلوچ کا قومی خزانے کوکروڑوں کاٹیکہ لگایا۔اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مبینہ فرنٹ مین سابق ایس ڈی او ڈیرہ غازی خان عظیم خان بلوچ سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عثمان بزدار کے 8 رکنی بزدار گینگ نے پتھر خریدنے کی مد میں قومی خزانے کو 13 کروڑ 94 لاکھ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تونسہ کے سپر بند کے لئے پتھر کا ایک ٹھیکا ایک کمپنی کو دیا گیا جس کا سپربند سے فاصلہ 45 کلومیٹر دور تھا، تاہم مالی فائدہ اٹھانے کے لئے پتھر کا ٹھیکا اس کمپنی سے واپس لے لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سپر بند کے لئے پتھر کا ٹھیکا ایسی کمپنی کو دیا گیا جس کا فاصلہ بند سے 137 کلو میٹر دور تھا، اور اس طرح مالی فائدے کے لئے 137 کلومیٹر دور والی کمپنی کو ٹھیکا دے کر لاگت کا تخمینہ بڑھا دیا گیا، اور پتھر کی فراہمی کا فاصلہ بڑھا کر قومی خزانے سے کروڑوں روپے کی خورد برد کی گئی۔اینٹی کرپشن نے قومی خزانہ لوٹنے والے بزدار گینگ کے ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے،
مقدمہ اطلاعات کی بنیاد پر سابق ایس ڈی او ڈی جی خان عظیم خان بلوچ اوردیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اور مقدمے میں عظیم بلوچ کا پنجاب کی اہم شخصیت سے بھی تعلق کا ذکر ہے۔جب کہ متعلقہ ٹھیکیدار ،سابقہ چیف انجینئر ایریگیشن ڈی جی خان، سپریٹنڈنٹ انجینئر اور دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔