آواران ہسپتال کے انتظامی امور اور علاج ومعالجہ کی سہولتوں میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے،میرعبد القدوس بزنجو
آواران(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آواران ہسپتال کے انتظامی امور اور علاج ومعالجہ کی سہولتوں میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے،ہسپتال میں علاج کی جدید سہولتوں اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو صوبائی وزیر عبدالرشید بلوچ،چیف سیکریٹری عبدالعزیز عقیلی،آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ،سیکریٹری صحت حافظ طاہر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال آواران کے دورے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور مریضوں سے حال احوال کیا۔ ہسپتال کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ کو پاک فوج اور سول انتظامیہ کے تحت چلنے والے جوائنٹ ہسپتال کے امور پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہاکہ آواران ہسپتال پاک فوج اور حکومت کے مشترکہ تعاون کی روشن مثال ہے ہسپتال کے انتظامی امور اور علاج ومعالجہ کی سہولتوں میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے پاک فوج کے ڈاکٹر اور طبی عملہ صوبے کے اس دور درا ز ضلع میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آواران کے عوام امن کے قیام اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے پاک فوج کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ہسپتال میں علاج کی جدید سہولتوں اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کیسکو حکام ہدایت کی کہ ہسپتال کو بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔