عوام کی مدد میں غفلت کسی صورت معاف نہیں کی جائے گی،آغا سراج درانی

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی کا کہنا ہے کہ غیرمعمولی بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔آغا سراج خان درانی نے گڑھی یاسین کے بارش متاثرین میں راشن کی تقسیم اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو متاثرہ افراد کو جلد از جلد مدد فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، غیر معمولی بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔قائم مقام گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ اس سال 2010، 2011 سے بھی زیادہ مشکل صورتحال ہے، حکومت سندھ شکار پور سمیت تمام اضلاع کو پہلے ہی آفت زدہ قرار دے چکی ہے، وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سمیت تمام عوامی نمائندے عوام کی مدد کرنے کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں۔

آغا سراج درانی نے کہا کہ وفاقی حکومت بھی این ڈی ایم اے کے ذریعے مدد کر رہی ہے، کیمپوں میں موجود افراد کو پی ڈی ایم اے کے ذریعے ہرممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں، عوام کی مدد میں غفلت کسی صورت معاف نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی جلد از جلد نکاسی کیلئے کام کر رہے ہیں، ٹینٹ، مچھر دانیوں اور دیگر امدادی اشیاء کی فراہمی میں مخیر حضرات کا تعاون لائق تحسین ہے، اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے