سیلاب متاثرین کی مل کر امداد کریں گے،راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم سیلاب جیسی مصیبت سے جلد نکل جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے پریس کلب اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کے لیے لگائے گئے امدادی کیمپ کا دورہ کر کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام افراد کی شرکت کا شکر گزار ہوں، پاکستان میں ایک بہت بڑا سیلاب آیا ہے، ایسے کیمپس سیلاب متاثرین کی امداد میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا سیلاب نہیں آیا، ماحولیاتی تبدیلی سے ہمیں بڑا خطرہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل نے بھی کہا کہ دوسرے ممالک کے نقصانات پاکستان اٹھا رہا ہے، ہم نے دنیا کی توجہ اس طرف دلوانی ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت نے اس پر بہت کام کیا ہے، ایشیاء پیسیفک گروپ کو پاکستان مدعو کیا، سب کے سامنے سیلاب کی تباہ کاریاں رکھیں، آئی پی یو کی اسمبلی میں یہ ایجنڈا آئٹم رکھوانا چاہ رہے ہیں، پاکستانی قوم بہت بہادر قوم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس مصیبت سے جلد نکل جائیں گے، ہم سب نے اس میں حصہ ڈالنا ہے سیلاب متاثرین کی مل کر امداد کریں گے۔