سردار بہادر خان یونیورسٹی کوئٹہ میں ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق آگاہی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ماں کے دودھ کی افادیت سے متعلق آگاہی کی مناسبت سے سردار بہادر خان یونیورسٹی کوئٹہ میں سیمینار کا انعقادہوا۔ آگاہی سیمینار نیوٹریشن پروگرام محکمہ صحت بلوچستان اور یونیسیف کے تعاون سے منعقد کروایا گیا جس میں ڈائریکٹر بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹر یٹ ڈاکٹر شبیر مینگل، منیجر بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹریٹ سلطان ترین، سینئر ڈاکٹرز، چائلڈ اسپیشلسٹ پروفیسرڈاکٹر بشیر ابڑو، ڈاکٹر روحانہ سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد یونیورسٹی کی طلباء اور اساتزہ موجود تھیں۔سیمینار کے اہتمام کا مقصد نوزائیدہ بچے کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ شروع کروانے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ماہر ڈاکٹرز طبی ماہرین اور دیگر شرکاء نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو چھ ماہ کی عمر تک صرف اور صرف ماں کا دودھ پلائیں چھ ماہ کی عمر کے بعد سے بچے کوخوراک شروع کروائیں کیونکہ بچے کی اچھی نشوونما کیلئے ماں کے دودھ کے ساتھ ساتھ بچے کو اضافی خوراک کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ ماں کے دودھ کی افادیت اور غزایت کی آگاہی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت میڈیا، مزہبی سکالرز، علماء کرام کو بھی موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کیا جا سکے۔ سیمینار میں ماں کے دودھ کی افادیت کے حوالے سوال جواب کا سیشن بھی رکھا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے احاطہ میں آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹرز طبی عملہ سمیت، طلباء، اساتزہ اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی۔