بلوچستان میں خواتین، بچوں،اور نظر انداز طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی پر کام جاری ہے،ڈاکٹر ربابہ بلیدی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وویمن پارلیمنٹرین کاکس کی چیئرپرسن پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن کی تشکیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلے وویمن کمیشن کی تشکیل خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شریک ہونے کے بہتر مواقع فراہم کرے گی۔یہ بات انہوں نے بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں کہی، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین، بچوں، اور نظر انداز طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی پر کام جاری ہے حالیہ کابینہ اجلاس میں ڈومیسٹک وائلنس 2014 کے رولز کی منظوری دی گئی اس سے قبل ہوم بیسڈ ورکرز کا قانون بھی منظور ہوچکا ہے ہماری کوشش ہے کہ زیر التواء تمام مسودہ قانون پر اتفاق رائے قائم کرکے اسمبلی سے منظور کروائے جائیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کمیشن آن اسٹیٹس آف وویمن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین اور نوٹیفائیڈ اراکین طاہرہ پروین، شاہدہ علیزئی، زرغونہ بڑیچ، ڈاکٹر طاہرہ بلوچ، زرغونہ ودود، اشفاق مینگل، ڈاکٹر تاج بلوچ، رحیمہ جلال، شانیہ خان، اور تنزیلہ صادق کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نو منتخب کمیشن اراکین بلوچستان کی خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے بہتر مواقعوں کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے یقین دلایا کہ خواتین کی ترقی اور بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات میں وویمن پارلیمنٹرین کاکس ہر ممکن تعاون کرے گی۔