چیف سیکرٹری بلوچستان سے قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ چیلا رام کیولانی کی قیادت میں وفد کی ملاقات

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سے قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ چیلا رام کیولانی کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی ومعاشی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبہ میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتی امور کا علیحدہ محکمہ قائم کرکے اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم مہیاکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا صوبے کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ نمایاں کردار رہا ہے بلوچستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کی صورتحال مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی تحفظ اور فلاح و بہود کے لیے اقدامات کررہی ہیں۔ موجودہ حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے بلا تخصیص اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص5فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایاگیا ہے اور صوبے کے مختلف کالجز میں داخلہ کے لیے بھی اقلیتیوں کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر قومی اقلیتی کمیشن کے وفد نے اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے بلوچستان حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے