مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، مہراللہ بادینی

قلات(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن ر مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ضلع کو بری طرح سے متاثر کیا۔ دور دراز دیہاتوں میں خاص طور پر بہت زیادہ نقصان ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی بروقت کوششوں کی بدولت ضلع قلات کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلات اور منگچر میں ایل ڈی ایس سی اور پی آر ڈی پی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قلات جہانزیب بلوچ ایس پی قلات عبد الرؤف بڑیچ ڈی ایس پی منظور احمد مینگل اور دیگر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے ریلیف اور بحالی کا کام جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہے اور متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے موقع پر زندہ قومیں آگے بڑھ کر ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیتی ہیں۔ انہوں نے فلاحی اداروں کے امدادی کاموں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایسے اداروں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال میں متاثرین کی مدد کیلیے مخیر حضرات سامنے آتے ہیں اور بحالی کے کام میں مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے فلاحی اداروں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کی معاونت کیلیے آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے