لیویز فورس کی بہترین کارکردگی سے صوبے میں امن وامان کی صورت حال بہترہورہی ہے، وزیر اعلیٰ بلو چستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ لیویز فورس کی بہتر ین کارکردگی سے صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے،بلوچستان کے وسیع رقبے کی سیکورٹی لیویز فورس کے ذمہ ہے۔ یہ بات انہوں نے خضدار لیویز فورس کو کامیاب کاروائی پر خراج تحسین کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے مولہ کے پہاڑوں سے اغواء کاروں کی گرفتاری اور مغوی لڑکیوں کی باحفاظت بازیابی پر مسرت کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسیع رقبے کی سیکورٹی لیویز فورس کے ذمہ ہے لیویز فورس کی بہتر ین کارکردگی سے صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو رہی ہے عوام کا لیویز فورس پر اعتماد مزید پختہ ہوا ہے۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کی سربراہی میں لیویز فورس نے مولہ کے پہاڑوں میں کامیاب سرچ آپریشن میں پنجاب سے اغوا شدہ لڑکیوں کو باحفاظت بازیاب کر کے لیویز فورس نے اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا۔کاروائی کے دوران ایک لیویز اہلکار کو سانپ نے بھی ڈسا جس کا علاج کراچی میں جاری ہے۔