کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ میں تیزدھار آلے کے وار سے میاں بیوی کا قتل
کراچی (ڈیلی گرین گوادر)کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ میں میاں بیوی کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق تھانہ سچل کے علاقے صفورہ گوٹھ کے ایک گھر سے 62 سالہ مکین ظہور احمد اور ان کی اہلیہ 55 سالہ نگہت طاہرہ کی خون میں لت پت لاشیں ملیں۔
مقتولین کے بیٹے نے دوہرے قتل کی اطلاع پولیس کو دی۔بیٹے مصطفیٰ کے مطابق وہ رات ایک بجے وہ گھر آیا اور سوگیا۔ صبح 11 بجے دودھ والے کے آنے پر اسے واردات کا علم ہوا۔اس نے بتایا کہ دودھ والے کے مسلسل دروازہ بجانے پر وہ نیند سے بیدار ہوا اور دودھ لینے کے لیے دروازے کی طرف جا رہا تھا تو والدہ کو بیڈ روم میں خون میں لت پت دیکھا جبکہ والد ظہور کچن میں پڑے ہوئے تھے۔
مصطفی کے مطابق گھر کے دروازے بند تھے اور سامان بھی جوں کا توں موجود تھا۔واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔پولیس کے مطابق گھر سے کوئی چیز غائب نہیں اور نہ ہی مقتولین کی جانب سے مزاحمت کے آثار دیکھے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں کو گلے پر تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا، آلہ قتل بھی موقع سے نہیں مل سکا۔پولیس کے مطابق محلے کے ایک گھر پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگا ہوا ہے، اس کی ریکارڈنگ سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جائے گی