ورکرز ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں، کارکنوں کی ناقابل فراموش جدوجہد اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،سردار اختر جان مینگل
وڈھ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ نظریاتی اور مخلص کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ کارکن کسی بھی پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ورکرز ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں، کارکنوں کی ناقابل فراموش جدوجہد اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی مخلص ایماندار بلا لالچ و غرض نامساعد حالات کا مقابلہ کرنے والے ہمہ وقت جدوجہد کرنے والے فعال اور تنظیمی فرائض کو فوقیت دینے والے کارکنوں کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے، سیاسی کارکنوں کی کاوشوں احساسوں جذبات اور ارمانوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں ہونے دیا جائیگا، تمام تر مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود پارٹی منشور کے ساتھ جڑے رہنے والے پارٹی ورکروں کی دن رات خدمات کی بدولت بلوچستان نیشنل پارٹی قومی پارٹی بن گئی ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی تحصیل سٹی مستونگ کے تحصیل صدر ظہور احمد لہڑی کے سربراہی میں ایک وفد قائد بلوچستان سردار اختر جان مینگل سے وڈھ میں ملاقات کی۔ وفد میں شامل تحصیل سٹی ضلعی جنرل سیکرٹری شاہجہاں کرد، تحصیل لیبر سیکرٹری منظور جان لہڑی، تحصیل انفارمیشن سیکرٹری محمد یوسف ابابکی، سجاد بلوچ و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں ضلع مستونگ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کی بلدیاتی کارکردگی و پارٹی امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی قائد بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے مستونگ تحصیل کے وفد کو سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنے کی بھی تاکید کی کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرین کی دادرسی ہی انسانیت کی خدمت ہے،سردار اختر جان مینگل نے پارٹی کی فعالیت اور پارٹی کو مستونگ میں مزید مضبوط کرنے کی تاکید کی،مستونگ کے تحصیل کابینہ کے وفد کی حوصلہ افزائی کی اور مستونگ سے وڈھ آنے کو سراہا۔