ضلع حب میں ضلعی افسران کی تعیناتی کا عمل بہت جلد مرحلہ وار شروع ہو گا، سردار صالح بھوتانی
اوتھل (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدرسینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ نو تشکیل شدہ ضلع حب میں ضلعی افسران کی تعیناتی کا عمل بہت جلد مرحلہ وار شروع ہو گا، جس سے حب کے عوام کو دفتری امور میں آسانی ہوگی ہمارا مشن اور نصب العین لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حب رابطہ آفس میں مختلف عمائدین، معززین، سیاسی وفود اور کارکنوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سینئر صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ حب ڈسٹرکٹ کے قیا م کے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے بعد ضلعی افسران کی تعیناتی کا عمل بھی جلد مرحلہ وار شروع ہو گا،حب ڈسٹرکٹ میں کے باقاعدہ افسران کے چارج سنبھالنے سے مقامی لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی اور مشکلات دور ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن اور نصب العین لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنا اور پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنا ہے۔سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ عوام کی خدمت بھوتانی برادران کا وژن ہے اور انشاء اللہ بھوتانی برادران عوام کی خدمت کو جاری و ساری رکھیں گے۔سینئر صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی نے حب رابطہ آفس آمد کے موقع پر لوگوں کے مسائل سُنے اور انہیں حل کرانے کی پختہ یقین دہانی یقین دہانی کرائی اور بعض مسائل کے حل کیلئے انھوں نے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔