سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے پاکستان آرمی اورایف سی کا ریسکیو اورریلیف آپریشن جاری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سیلاب سے متاثرہ علاقوں کوئٹہ، چمن، نوشکی، موسٰی خیل، نصیر آباد، جھل مگسی،نصیر آباد،سبی، بولان، ڈیرہ بگٹی، آواران، دالبندین، لسبیلہ، صحبت پور و دیگر علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے سیلاب زدگان کو پناہ گاہیں، خوراک، طبی دیکھ بھال، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 11ریلیف کیمپس کام کر رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کو اُن کے ریلیف کیمپوں اور پناہ گاہوں میں پکا ہواکھانا اور راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔بولان میں 38 خاندانوں، ڈیرہ بگٹی میں 110 افراد اور سبی کے سول ہسپتال میں داخل مریضوں کو روزانہ کی بنیا د پر پکا ہوا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آواران، نصیرآباد، جھل مگسی بولان، نوشکی، بیلہ، موسیٰ خیل،ڈیرہ بگٹی اور صحبت پور میں 1،865متاثرین میں راشن کے پیکٹس فراہم کیے گئے ہیں جن میں آٹا، دالیں، چاول، چینی، کوکنگ آئل، پانی، دودھ اورجوس کے کارٹن اور کیک رس وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرم ملبوسات، جوتے،ٹینٹ اورلحاف وغیرہ بھی مستحق لوگوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ جھل مگسی کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے جاری ہے۔ آرمی اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کوئٹہ، چمن اور دالبندین میں 7 امدادی کلکشین پوائنٹس بھی کام کر رہے ہیں۔سیلاب زدگان کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے83 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جہاں 27964 مریضوں کو مفت طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئی ہیں۔لسبیلہ میں پاک فوج، سول انتظامیہ، بی آرایس پی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں پر مشتمل 9 ٹیمیں لوگوں کے نقصانات اور اُن کی بحالی کے لیے سروے کر رہی ہیں۔ ذرائع آمدورفت کی بحالی کے لیے پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان کا سول انتظامیہ کے ہمراہ کوششیں جاری ہیں۔N-10, N-25, N-70, N-85مکمل ٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھلی ہے جبکہ N-65 پنجرہ پل کے مقام پر ٹریفک کا رش، اور روڈ کی تنگی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جسے پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور سول انتظامیہ مشترکہ کوششیں کر کے ٹریفک کی روانی یقینی بنائے ہوئے ہیں۔ M-8 شاہراہ جو ونگو پہاڑی پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی اُس کی مرمت کا کام جاری ہے۔ جسے جلد بحال کر دیا جائے گا۔ جب تک سیلاب سے متاثرہ تمام پریشان حال ہم وطنوں کی بحالی مکمل نہیں ہو جاتی، پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان امدادی کاروائیاں جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے