منشیات اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، مولانا عبد الرحمن

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق،سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد،جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد،سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی،ایڈووکیٹ سالار،حافظ سید سعداللہ آغا،حافظ سراج الدین،حاجی قاسم خان خلجی،مفتی نیک محمد فاروقی،حاجی صالح محمد،مولانا محمد عارف شمشیر،مولانا حافظ سردار محمد نورزئی،مفتی رحمت اللہ،حافظ رحمان گل اور دیگر نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی کوئٹہ اظفر مہیسر،ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ عبدالحق عمرانی کی جانب سے منشیات اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، منشیات فروشوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کریک ڈاؤن نسل نو کے بہتر مستقبل کے لئے قابل ستائش قدم ہے، منشیات کی لعنت نے شہر کے خوبصورت نوجوانوں کو زندہ لاش بناکر معاشرے اور خاندان پر بوجھ بنادیا، نوجوانوں کی زندگیاں تباہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، سٹی نالہ میں منشیات کے اڈوں کے خلاف کاروائی کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے تاہم اس لعنت کا مستقل طور پر خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد پرائیویٹ گارڈ رکھ کر سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہوکر شریف عوام کو تنگ کرتے ہیں اور اکثر گارڈز مافیا اراضی کے قبضوں اور برائیوں میں ملوث پائے جاتے ہیں لہٰذا اس سلسلے میں اداروں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ مختلف اقوام کے نوجوانوں کو راہداریاں اور لائسنس جاری کرنے کے عمل سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ آج کل پورے بلوچستان میں کلاشنکوف کلچر کا راج ہے، نہایت کمزور افراد اپنے آپ کو اداروں کے ساتھ وابستگی کا اظہار کرکے عوام کو بلیک میل کرتے ہیں۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے قائدین نے مطالبہ کیا اسلحہ نمائش کرنے والے افراد پر بھی ہمیشہ کے لئے پابندی عائد کردی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے