عراق کا پاکستانی زائرین کیلئے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان
بغداد (ڈیلی گرین گوادر) عراق کے وزیر داخلہ نے پاکستان کے زائرین کیلئے عراق کے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے 500 زائرین کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔پاکستانی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور عراقی ہم منصب عثمان علی کے درمیان 11 ستمبر بروز اتوار کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ اس موقع پر عراق کے وزیر داخلہ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے زائرین کیلئے عراق کے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے کا اعلان کیا۔
عراقی وزیر داخلہ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ سفارت خانے میں زیرالتواء تمام ویزا درخواستوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔عراقی حکومت کی جانب سے پاکستان سے آنے والے زائرین کیلئے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جب کہ چہلم امام حسین کیلئے عراق آئے زائرین کو خصوصی سہولیات دینے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے 500 زائرین کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں زائرین سمیت دیگر مسائل کے پائیدار حل کے لیے پاکستان عراق مشترکا کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
رانا ثناللہ نے پاکستانی زائرین کو عراق داخلے کی فوری اجازت دینے پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور عراقی وزیر داخلہ عثمان علی کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔عراقی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد پاکستان آنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں عراق کی وزارت داخلہ کے مشیر اور اربعین کمیٹی کے سربراہ جنرل مہدی الفکیکی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے زائرین، ایرانی حکام کی ہم آہنگی سے شلمچہ پاس کے راستے عراق میں داخل ہو سکتے ہیں۔
ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ پاکستانی اور افغانستانی زائرین کو شلمچہ پاس کے علاوہ کسی اور گزرگاہ سے داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ہر سال ہزاروں پاکستانی اور افغانستانی زائرین، مقامات مقدسہ کی زیارت اور چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے، ایران کے راستے عراق جاتے ہیں۔