سیلاب متاثرین کی امداد اوربعد ازاں بحالی کے لئے ہمارے عزم و حوصلے میں کوئی کمی نہیں، میرعبدالقدوس بزنجو
اوستہ محمد (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان کا وسیع رقبہ شدید متاثر ہوا ہے اور جانی و مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں صوبائی حکومت اس قدرتی آفت کے اثرات سے نمٹنے کے لئے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت برؤے کار لا رہی ہے تاہم بحالی و تعمیر نو کے عمل میں طویل عرصہ اور خطیر فنڈز درکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ مسٹر انٹونیو گودریس کے ضلع جعفر آباد کے دورے کے موقع پر انہیں سیلاب کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بریفنگ دی قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی وفاقی وزراء صوبائی وزیر محمد خان لہڑی سینیٹر محترمہ ثناء جمالی اور رکن قومی اسمبلی نوبزادہ خالد خان مگسی بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے تعلیمی اور طبی اداروں روڈ نیٹ ورک ڈیموں اور آبنوشی کی اسکیمات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے اور بچے اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو درپیش صحت کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور امید ہے کہ عالمی ادارے اور اقوام عالم بھی آگے بڑھ کر ہمارا ساتھ دینگے وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کی امداد اور بعد ازاں بحالی کے لئے ہمارے عزم و حوصلے میں کوئی کمی نہیں اور حکومت اپنی اس زمہ داری کو ہر صورت پورا کریگی وزیراعلیٰ نے متاثرہ ضلع میں وزیراعظم کے ہمراہ سیکرٹری جنرل یو این او کی آمد پر خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکا یہ دورہ انتہائی اہم اور متاثرین اور صوبائی حکومت کے لئے باعث حوصلہ و تقویت ہے۔انہوں نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے عمل میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت اور عالمی برادری کے تعاون سے ہم اس چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے میں کامیاب ہونگے اور اللہ تعالیٰ اس امتحان میں ہمیں سرخرو کریگا۔