لاہور سے سکھر ٹرین آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ

لاہور (ڈیلی گرین گوادر)لاہور سے سکھر ٹرین آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پہلی ٹرین 10 ستمبر سے روانہ ہو گی۔ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاہور براستہ ملتان پسنجر ٹرین سکھر جائے گی۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں پانی اترنے پر باقی ٹرین آپریشن بحال کیا جائے گا۔

کراچی اور سکھر ڈویژن میں سیلابی پانی ریلوے ٹریک پر موجود ہونے کی وجہ سے ٹرین آپریشن مزید ایک ہفتہ تاخیر کا شکار ہوگیا جس کے باعث اسٹیشن پر بیٹھے مسافر رل گئے۔پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ریلوے آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جو کئی روز گزرنے کے باوجود بحال نہیں ہوسکا۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن 15 ستمبر تک بحال کیے جانے کا امکان ہے جبکہ نواب شاہ اور دیگر سیکشن کے ریلوے ٹریک پر سیلابی پانی ابھی تک موجود ہے جس کے باعث ریلوے حکام کو ایم ایل ون سمیت دیگر سیکشنوں پر ٹرین آپریشن شروع کرنا مشکل ہوتا جارہا۔خیال رہے کہ ٹرین آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے ریلوے انتظامیہ نے پانچویں مرتبہ آن لائن ٹرینوں کی بکنگ بند کردی کیوں کہ لاہور کراچی کوئٹہ اور سکھر کے درمیان مین لائن کی تمام ٹرینیں معطل ہیں۔

ملک میں بدترین سیلابی صورت حال اور ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبے جانے کے باعث کراچی سے چلنے والی ٹرینیں تاحال معطل ہے جس کی وجہ سے محکمے کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی سے ٹرین آپریشن مزید ایک ہفتے بند رہے گا جبکہ بلوچستان کا ٹرین آپریشن مزید ایک ماہ بند رہے گا، کراچی سے ملک کے دیگر شہروں کو 24 ٹرینیں یومیہ روانہ ہوتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے