چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اخترافغان ایک روزہ دورے پر پسنی پہنچے

پسنی(ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان ایک روزہ دورے پر گزشتہ روز پسنی پہنچے اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے ججزجسٹس عبدالحمید بلوچ،جسٹس سردار احمد حلیمی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سیشن جج گوادر عبدالوحید بادینی اور جوڈیشل مجسٹریٹ شاکر حسین سمیت جوڈیشل افسران و وکلاء نے پسنی پہنچنے پر ان کا استقبال کیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے پسنی میں زیر تعمیر جوڈیشل بلڈنگ اور ججز کی رہائش گاہوں کا معائنہ کیا اس موقع پر انہیں چیف انجینئر اور ایکسین بلڈنگ بی اینڈ آر نے بریفنگ دی جبکہ ایس ڈی او بی اینڈ آر نے انہیں جوڈیشل بلڈنگ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کرایا چیف جسٹس نے ان سیکشنز پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کئے چیف جسٹس نے پسنی میں جوڈیشل لاک اپ کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں سے فرداً فرداً ملاقات کرکے ان کے مسائل معلوم کئے اس موقع پر انہوں نے قیدیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت انصاف کے لئے ہے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عدالتیں جزا اور سزا کا عمل جتنی جلدی ہو سکے مکمل کریں اور 337 اے کے جتنے مقدمات ہیں انھیں فوری نمٹایا جائے۔اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پسنی کو بھی ہدایت کی کہ جوڈیشل لاک اپ میں پانی بجلی اور کھانے کی سہولت بہتر کی جائے اور واش روم کی فوری مرمت کی جائے۔چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے اس دوران ماتحت عدالت کا بھی دورہ کیا اور زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ چیک کیا بعد ازاں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو پسنی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے