پی ٹی آئی جلسےمیں سرکاری مشینری کا استعمال، الیکشن کمیشن کا نوٹس

پشاور (ڈیلی گرین گوادر)الیکشن کمیشن نے پشاور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31 پر ضمنی انتخاب کے حوالے سے جلسے میں سرکاری مشینری کے استعمال کا نوٹس لے لیا۔این اے 31 پشاور میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے تحریک انصاف 6 ستمبر کو پشاور میں جلسہ عام کررہی ہے ، جس میں سابق وزیراعظم اورحلقے سے امیدوار عمران کان بھی خطاب کریں گے۔

جلسے کی تیاری کے حوالے سے ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی گاڑیاں تحریک انصاف کے پرچم لگارہی ہیں۔این اے 31 پشاور میں ضمنی انتخابات کے مانیٹرنگ آفیسر شہاب الدین نے سرکاری وسائل کے استعمال پر نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو 7 ستمبر کو طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران کسی امیدوار کے لیے سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کیا جاسکتا۔نوٹس میں کہا گیا کہ ڈائریکٹرجنرل پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی اگر پیش نہ ہوئے تو قانون کے مطابق معاملہ چیف الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔25 ستمبر کو این اے 31 پر ضمنی انتخاب ہوگا، یہ نشست پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن شوکت علی کے استعفے کی منظوری کے بعد خالی ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے