پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے تحفظ سالمیت اور استحکام کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ، میرعبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران کیپٹن سمیت چار اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشت گردوں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک کے تحفظ سالمیت اور استحکام کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اور دہشت گردی کی عفریت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے جس سے پاک فوج اور پاکستانی قوم کے درمیان موجود محبت احترام اعتماد اور عقیدت کا تعلق مزید مضبوط ہوا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت متاثر نہیں کرسکتی وزیر اعلیٰ نے شہداء کی روح کے ایصال ثواب بلند درجات اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔