بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے بڑے پیمانے پر ضلع کو نقصان پہنچا ہے، عبدالعزیز عقیلی
جعفرآباد،ڈیرہ اللہ یار،اوستہ محمد(ڈیلی گرین گوادر) بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے بڑے پیمانے پر ضلع کو نقصان پہنچا ہے اور روڈ نیٹ ورک متاثر ہونے سے بیشتر علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی خدمت کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ضلع جعفر آباد۔ اوستہ محمد کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نصیر آباد ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر، بریگیڈیئر ندیم و دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں متاثرین کی علاج و معالجہ کے لیے 21 جگہوں پر میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں اور 11 موبائل ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ مال مویشیوں کے علاج کے لیے 8 مختلف مقامات پر ویٹرنری کیمپس اور 4 موبائل ٹیمیں کام کررہی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے مون سون بارشوں سے سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں اور ڈیرہ اللہ یار تا اوستہ محمد روڈ کا بھی جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلع میں متاثرین کو راشن، ٹینٹس و دیگر گھریلو اشیائفراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بارشوں نے پورے صوبے کے انفراسٹرکچر کو بہت زیادہ متاثر کردیاہے۔ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کیلئے حکومت، این ایچ اے و دیگر متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ لوگوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا انتظام بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے لوگوں کی بحالی اور نقصانات کا ازالہ کے لیے اقدامات کررہی ہے اور حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔.