پی ٹی آئی ملک کیلئے خطرہ بن چکی ہے،میر چنگیز خان جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے مسلح افواج اوراسکی قیادت کے خلاف بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کیلئے خطرہ بن چکی ہے اگر اداروں اور عوام نے ملکر اسکا راستہ نہیں روکا تواسکے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں،پی ٹی آئی ملک میں انتشار پھیلانے کی مذموم سازش میں مصروف ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکرانکی ہر سازش کو ناکام بنادے گی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران نیازی پاک فوج کے خلاف بیان دیکر پاکستان کو لیبیا اورسری لنکا بنانے کی مذموم کوشش کررہے ہیں پاکستان کے عوام اب انکی سازشوں سے واقف ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا فیصل آباد میں جلسے میں پاک فوج اوراسکی قیادت کے خلاف بیان کی پاکستان پیپلز پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کے لئے خطرہ بن چکی ہے اگر فوری طور پر پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگائی گئی تو اسکے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع او عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے جوانوں اورافسران کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں اسوقت ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور پاک فوج کے جوان اپنی جانوں پر کھیل پر عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں ایسے میں عمران نیازی کا پاک فوج کے خلاف بیان ملک کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج کے خلاف بیان دینے پر عمران نیازی کے خلاف فوری طور پرقانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسے بیان بازی کی جرات نہ ہوسکے۔