وزیراعظم کا قمبر شہدادکوٹ میں سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ، متاثرین میں امدادی کی چیک تقسیم

قمبر شہدادکوٹ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ میں قمبر شہداد کوٹ کے سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کیا، سیلاب زدگان میں امدادی چیک تقسیم کئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بڑے شہروں کو بچانے کیلئے منچھر جیل کا بند توڑا گیا، پانی کھڑا ہونے سے ریلیف آپریشن میں مشکلات ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وفاقی وزیر سالک حسین اور وزیراعلیٰ سندھ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سکھر حیدرآباد ہائی وے کے اطراف تباہ کاریوں کا بھی فضائی معائنہ کیا۔

وزیراعظم نےگفتگو کرتے ہوئے کہا تاریخ میں اتنی تباہی نہیں ہوئی، فصلوں کی تباہی ہوئی، کچے گھر ابھی بھی ڈوبے ہوئے ہیں، تباہی کا ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا۔ سندھ حکومت دن رات بحالی کا کام کررہی ہے، مشکلات اور مسائل بے پناہ جبکہ وسائل محدود ہیں، وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ ملکر حالات کو قابو کررہی ہے۔ سندھ میں خیموں اور مچھر دانیوں کی زیادہ ضرورت ہے، 7 لاکھ خیموں کا آرڈر دے دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شفاف طریقے سے امدادی رقم کی تقسیم جاری ہے، مختص 28 ارب روپے کو بڑھا کر70 ارب روپے کردیا گیا ہے۔شہباز شریف نے کہا یو اے ای کے طیارے ہر روز امدادی سامان لے کر پاکستان آ رہے ہیں۔ چین نے 400 آر ایم بی امداد بڑھا دی ہے، امداد دینے کے لیے دوست ممالک کے شکر گزار ہیں۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بہت مشکل وقت ہے، ہر گھر میں فوری پہنچنا ممکن نہیں، سیاست بعد میں کریں گے، یہ خدمت کا وقت ہے۔ افواج پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے