قوم سیلاب سے، عمران خان مسلح افواج اور عوام سے لڑ رہےہیں،حکومتی اتحاد
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کا کہنا ہے کہ عمران خان کے افواج پاکستان اور اس کی قیادت کے خلاف نفرت پیدا کرنے اور حساس پیشہ وارانہ امورکو متنازع بنانےکے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ قوم سیلاب سے جبکہ عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑ رہےہیں اور اداروں پر سنگین بہتان تراشی کر رہےہیں۔بیان میں حکومتی اتحاد جماعتوں نے کہا کہ بہتان تراشی کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا، عوام کو فوج سے لڑانا اور رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموارکرنا ہے لیکن ہم آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔
حکومتی اتحاد کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے اور اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا،کسی فرد واحد کےآمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، وفاقی،صوبائی حکومتوں، اداروں کے ساتھ مل کر مسلح افواج سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہیں۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام کو ہرگز متاثر نہیں ہونے دیں گے، اس کے ساتھ ساتھ سیلاب زدگان کی امداد، بحالی اور ریلیف کے عمل کو بھی متاثر نہیں ہونے دیں گے۔