عمران خان کا فوج سے متعلق بیان غیر مناسب ہے ہم اسے یکسر طور پر مسترد کرتے ہیں،سر دار صالح بھوتانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر بلدیات سر دار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کا منظم ادارہ ہے،عمران خان کا فوج سے متعلق بیان غیر مناسب ہے ہم اسے یکسر طور پر مسترد کرتے ہیں،عمران خان کا یہ بیان انکی سیاسی بصیرت پر سوالیہ نشان ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہی۔ سینئر صوبائی وزیر بلدیات سر دار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ فوج انتہائی اہم اور منظم ادارہ ہے اور اس کے سربراہ کی تقرری کا اپنا ایک آئینی اور شفاف طریقہ کار ہے جس کے مطابق فوج حکومت وقت کو تین نام بھیجتی ہے جس میں وزیر اعظم اپنے آئینی اختیار کے مطابق موضوع ترین کو بطور آرمی چیف منتخب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری اپنی مرضی کا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں، ایسے غیر مناسب بیان کو ہم یکسر مسترد کرتے ہیں عمران خان کا یہ بیان انکی سیاسی بصیرت پر سوالیہ نشان ہے جس سے نہ صرف آرمی چیف کی تقرری متنازع بن رہی ہے بلکہ ملک اور فوج کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بطور وزیر اعظم عمران خان نے بھی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی تھی تو اب ایسے بیانات دینا سیاسی عمل کے منافی ہے عمران خان کے اس بیان سے جہاں ایک طرف پاک فوج میں بے چینی کی فضا ہے تو دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے ایسے بیانات کو ہم مسترد کرتے ہیں جو فوج اور ملک کے لئے بدنامی کی وجہ بنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج ملک اور سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے جس کے سربراہ کی تقرری کے بارے میں اس قسم کے بیانات سے گریز کرنا چاہیے تاکہ پاک فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جاے۔