بلوچستان پولیس مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں، عبدالخالق شیخ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں۔ صوبے میں امن و امان کے قائم کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات میں بھی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہنے اور موجودہ سیلاب کی صورتحال میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے،ریلیف سرگرمیوں اور امداد جمع کرنے میں بھی پیش پیش ہے۔ سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بلوچستان پولیس نے مختلف حکومتی اداروں کے ساتھ ملکر صوبے کے مختلف علاقوں میں میڈیکل اور امدادی کیمپوں کا انعقاد کیا ہے۔جس میں سیلاب متاثرین کو علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے علاؤہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان جمع کیے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں میں بلوچستان پولیس کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل اور امدادی کیمپوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے مزید کہا کہ پولیس عوامی خدمات میں بھی دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے تاکہ موجودہ مشکل صورتحال میں عوام کو ریلیف مل سکے انہوں نے کہاکہ پولیس کی جانب سے امدادی کیمپ لگانے کا مقصد سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سامان اکٹھا کرکے متاثرہ علاقوں میں صاف و شفاف طریقے سے تقیسم کرنا ہے جبکہ اس حوالے سے اندرون ملک اور بیرون ممالک سے مخیر حضرات سیلاب متاثرین کی امدادی کے لیے رابطہ کررہے ہیں اور اس مشکل گھڑی میں عوام کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں لہذا بلوچستان پولیس بھی اس نیک مقصد کے لیے کسی سے پیچھے نہیں رہے گی انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں پولیس کی جانب سے عوام کو ریسکیو کرنا اور انہیں محفوظ مقامات پر فوری منتقل کرنا ایک مثالی اقدام ہے۔