پیپلز پارٹی بارشوں اورسیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،روزی خان کاکڑ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑنے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بارشوں اورسیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی متاثرین کی امداد کے حوالے سے وفاقی حکومت،سندھ حکومت اور پارٹی کی اعلی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ملاقات کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک حکیم اللہ کاکڑ، ڈسٹرکٹ پشین کے سیکرٹری اطلاعات نادر خان کاکڑ، تحصیل نانا صاحب کے صدر حنان کاکڑ لیبر بیورو کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسلم مستوئی پیپلز یوتھ کے صوبائی نائب صدر ذاکر جاموٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، ڈسٹرکٹ موسی خیل کے صدر خان ظاہر خان موسی خیل، تحصیل نانا صاحب کے صدر حنان کاکڑ، صوبائی رہنماء عصمت اللہ کاکڑ، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل اور دیگر بھی موجود تھے۔پیپلزپارٹی کے عہدیداروں نے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ کوڈسٹرکٹ پشین، خانوزئی، تحصیل نانا صاحب، برشور، سبی، ااوستہ محمد، موسی خیل اور دیگر علاقوں میں جانی ومالی نقصانات سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پرجانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوکر کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے وفاقی حکومت،سندھ حکومت اور پارٹی کی اعلی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں صوبے کے سیلاب سے متاثرین کو ریلیف پہنچانے کیلئے پارٹی نے صوبائی سطح پر بھی رائزنگ، لاجسٹک، ڈیٹا اینڈ کوآرڈینیشن کیمپ اور میڈیا کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ ان طوفانی اور تباہ کن بارشوں سے متاثر ہونے والے عوام کو ریلیف پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے جتنی تباہی ہوئی ہے اسکا اندازہ لگانا بہت مشکل ہے عالمی اداروں اور مخیر حضرات کو بھی اس مشکل کی گھڑی میں آگے بڑھ کر متاثرہ عوام کی خدمت کرنی چاہئے۔انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔