موسمیاتی تبدیلی کومدنظر رکھتے ہوئے سیلابی روٹس پرڈیمز تعمیرکئے جائیں، ڈاکٹر عارف علوی
نصیر آباد(ڈیلی گرین گوادر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیلابی روٹس پر ڈیمز تعمیر کئے جائیں حالیہ سیلاب و بارشوں سے بلوچستان میں جن افراد کے کچے و پکے گھروں کو نقصان ہوا ہے انہیں معاوضہ دیا جائے حکومت کو فراغ دلی کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو نصیر آباد میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ قبل ازیں صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر نصیرآباد پہنچے۔ہیلی پیڈ پر صوبائی وزیر مبین احمد خلجی،آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ،برگیڈیئر مرتضیٰ،کمشنر نصیرآباد ڈویژن فتح خان خجک،ڈی آئی جی نصیرآباد رینج عبدالحئی عامر بلوچ نے انکا استقبال کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل ویلفیئر آفس میں قائم خیمہ بستی کا دورہ کیا اورفرداً فرداً جا کر متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل معلوم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد محمد حسین،ایس ایس ایس پی نصیرآباد میر حسین احمد لہڑی،ایس ای ایریگیشن عبدالحمید مینگل،ایکس ای این بی اینڈ آر انجینئر بشیر احمد ناصر،اسسٹنٹ کمشنر حدیبیہ جمالی،ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی،ڈاکٹر ایاز حسین جمالی،فیصل اقبال کھوسہ سمیت دیگر آفیسران موجود تھے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے صدر مملکت کو نصیرآباد ڈویژن میں سیلاب سے ہونے والی تباہی و ریلیف کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محکمہ صحت نصیرآباد کی جانب سے خیمہ بستی میں قائم میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا جہاں پر صوبائی سیکرٹری ہیلتھ بلوچستان حافظ طاہر نے انہیں آگاہی دی۔اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا میں معاوضہ کا اقدام خوش آئند بات ہے بلوچستان میں ایک تو پانی کی بہت قلت ہے تو دوسری جانب ڈیمز نہ ہونے کی وجہ سے مون سون سیزن میں سیلاب آتے رہتے ہیں جس سے لوگوں کو جانی و مالی نقصانات ہوتے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیلابی روٹس پر ڈیمز تعمیر کئے جائیں حالیہ سیلاب و بارشوں سے بلوچستان میں جن افراد کے کچے و پکے گھروں کو نقصان ہوا تو ان کو معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو فراغ دلی کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہوگی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اپیل کی جس کے بعد کئی ممالک نے پاکستان کی امداد جو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں گورنمنٹ آف بلوچستان اور پاک آرمی نے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی جو مدد کی ہے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں نصیر آباد میں سیلابی ریلوں نے شدت کے ساتھ لوگوں کو جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں جن کو مزید امداد نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے پاکستان کے مخیر حضرات و بین الاقوامی این جی اوز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭