حکومت کی نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست خارج کرنے کی استدعا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیب ترامیم کے خلاف درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری کردیا جبکہ حکومت نے کیس میں جواب جمع کرادیا ہے۔
حکومت نے ابتدائی جواب جمع کرایا جس میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کردی اور درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھا دیا۔ حکومت نے کہا کہ درخواست میں عوامی اہمیت اور قانونی نہیں بلکہ سیاسی معاملہ اٹھایاگیا ہے اور واضح نہیں کہ ترامیم بنیادی حقوق سے کس طرح متصادم ہیں۔حکومت نے کہا کہ عمران خان نہ نیب ترامیم سے متاثرہ فریق ہے نہ درخواست نیک نیتی پر مبنی ہے، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، عمران خان خود اپنی حکومت میں ایسی ترامیم بذریعہ آرڈیننس کرتے رہے ہیں۔
حکومت نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے نیب ترامیم کو اسلامی بنیادوں پر چیلنج کیا ہے، جبکہ ترامیم خلاف شریعت قرار دینے کا دائرہ اختیار شریعت کورٹ کا ہے، عمومی نوعیت کے الزامات پر نیب ترامیم کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔جواب میں کہا گیا کہ نیب اپنے قیام کے روز سے ہی تمام تنازعات کی بنیادی وجہ ہے، اس نے حکومتی مشینری کو مفلوج، معیشت کو بدحال، سرمایہ کاروں کو حراساں کیا، نیب قانون میں تمام ترامیم عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں، عمران خان سمیت انکی پارٹی نے پارلیمنٹ میں نیب ترامیم کی مخالفت نہیں کی۔