ہنہ اوڑک کے بارشوں اورسیلابی ریلوں کے متاثرین کی امداد کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے،ملک سکندرایڈووکیٹ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ، ایم پی اے ملک نصیر احمد شاہوانی، ایم پی اے نصراللہ خان زیرے نے حالیہ تباہ کن بارشوں،سیلابی ریلوں سے شدید متاثرہ کوئٹہ کے ہنہ اوڑک کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر نقیب اللہ خان کاکڑ، ایریگیشن، بی اینڈ آر اور دیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران اور اہلکاران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ہنہ اوڑک کے انفراسٹریکچر کی مکمل تباہی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ہنہ اوڑک کے عوام وتمام متاثرین کی مدد کیلئے اسمبلی فلور پر آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اور ضلعی انتظامیہ کی تعاون سے ہر قسم کی مدد کرنے پر زور دیگی۔ ہنہ اوڑ ک کے تمام دیہاتوں میں اکثریت کچے مکانات کی ہے جن میں بعض منہدم اور باقی تمام متاثرہ ہوئے ہیں جو کسی بھی وقت منہدہم ہوسکتے ہیں جس کے باعث متاثرین میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی دن رات کوششوں کے باعث عارضی راستہ ہموار کیا گیا جس کے باعث ٹرانسپورٹ کی آمدورفت رواں ہوئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اب ضروری ہے کہ ہنہ اوڑک کے سکولوں، بنیادی ہیلتھ مراکز، حیوانات کے ہسپتال، کمیونٹی ہالز، بجلی کے کھمبوں، باغات،فصلات واملاک کی تباہیوں کا شفاف سروے کرکے ان کے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے۔ انہوں نے علاقے کے متاثرہ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن جماعتیں انہیں یقین دلاتی ہے کہ وہ ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑے ہوکر ان کی مدد وتعاون کیلئے شب وروز اقدامات کرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے