سوئی گیس کی دو ٹیموں نے سبی سے کوئٹہ کے درمیان لائن کا جائزہ لینے کا عمل شروع کردیا،ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کو گیس سپلائی کرنے والی سوئی گیس پائپ لائنوں کی مرمت کے لئے مشینری اور آلات بولان پہنچا دیئے گئے جبکہ سوئی گیس کی دو ٹیموں نے سبی سے کوئٹہ کے درمیان لائن کا جائزہ لینے کا عمل شروع کردیا۔ ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی سلیمان احمد صدیقی کے مطابق بولان میں پانی کی سطح میں قدرے بہتری کے ساتھ جس میں کافی حد تک کمی آئی ہے کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کا پہلا قافلہ پیر اور منگل کی درمیانی شب بولان، بی بی نانی کے لئے روانہ ہوا پہلا ٹریلر بلوچستان کے مقامی حکام کی جانب سے فراہم کردہ حفاظتی حصار میں آلات اور مشینری کے ساتھ کامیابی سے جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ، 2 مزید قافلے اضافی پائپ، ساز و سامان اور مشینری کے ساتھ راستے میں ہیں اور توقع ہے کہ آج رات کو تباہ شدہ پائپ لائن کے مقام تک پہنچ جائیں گے۔ ترجمان کے مطابق فی الحال، دریا کی زمین کو جانچا جا رہا ہے کہ آیا یہ اتنی مضبوط ہے کہ وہ جگہ پر پہنچنے والے بھاری آلات اور مشینری کا وزن برداشت کر سکے، تاکہ مرمت کا کام شروع کیا جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت ایک رین ایمرجنسی میٹنگ ہوئی جس میں لائحہ عمل طے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی بی نانی پائپ لائن شکارپور سے کوئٹہ تک گیس کی ترسیل کرتی ہے، اس لئے سوئی سدرن کی ٹرانسمیشن ٹیموں نے سبی سے بی بی نانی تک پائپ لائن کے ساتھ ساتھ لائن واکرز بھیجے ہیں جو صورتحال کا مزید جائزہ لیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سیلاب کی وجہ سے لائن میں کوئی اور شگاف تو نہیں ہے، جبکہ ایک اور لائن واکرز کی ٹیم کوئٹہ سے بی بی نانی تک اسی امر کا جائزہ لے گی تاکہ پائپ لائن کی موجودہ صورتحال کے بارے میں درست اندازہ لگایا جا سکے۔ یہ تشخیص اس لئے کی جائے گی تاکہ لائن کے مزید کسی اور جگہ سے تباہ ہونے کی صورت میں مرمت کا کام بیک وقت شروع کیا جا سکے۔ سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں مرمتی کام کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے دن رات ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گی تاکہ متاثرہ علاقوں میں گیس کی سپلائی ممکن ہو سکے۔ ترجمان نے کہاکہ سوئی سدرن کی انتظامیہ بلوچستان حکومت کے مقامی حکام اور چیف سیکرٹری بلوچستان عقیلی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس انتہائی مشکل وقت میں ان کے مسلسل تعاون اور رہنمائی کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ ترجمان کے مطابق جوں جوں اس معاملے پر زمین پر موجود ہماری ٹیموں سے معلومات ملتی رہیں گی ادارہ وقتاً فوقتاً میڈیا کو مزید اپ ڈیٹس فراہم کرتا رہے گا۔سوئی سدرن گیس ایک بار پھر اپنے صارفین کو ہونے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے