کوئٹہ کی عوام کو منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کے رحم وکرم پر ہر گز نہیں چھوڑے گی، فاروق عبداللہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)شہریوں کی جانب سے شکایات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)کوئٹہ فاروق عبداللہ نے شہر میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں تعین کردہ نرخوں سے مہنگی ایل پی جی اورمقرر کردہ وزن سے کم وزن روٹی فروخت کرنے پر18 افراد کو گرفتار کیا گیا اور لوگوں سے وصول کردہ زائد رقوم بھی لوگوں کو واپس دلوائی گئی انہوں نے سرکی روڈ، جناح روڈ، کواری روڈ، میکانگی روڈ، علمدار روڈ اورطوغی روڈ پر ایل پی جی فروخت کرنے والوں اور تندوروں پر چھاپے مارے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہینگی اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پہلے سے ہی شدید بارشوں اور گھمبیر سیلابی صورتحال سے دوچار عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھاکر لوگوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کریں۔انہوں نے کوئٹہ کی عوام سے کہاہے کہ وہ شہرکے کسی بھی علاقہ میں کم وزن روٹی،منافع خوری اور مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف ڈپٹی کمشنرکنٹرول روم میں اپنی شکایت درج کرائیں۔عوامی شکایات پر ضلعی انتظامیہ فوری طورپر کارروائی عمل میں لائے گی۔دوسری جانب نان شاپ اور ایل پی جی فروخت کرنے والے دکاندار وں کوتہنبیہ کی گئی ہے کہ وہ عوام کے مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے منافع خوری سے گریزکریں ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی عوام کو منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کے رحم وکرم پر ہر گز نہیں چھوڑے گی۔