پورے ملک میں آفت آئی ہوئی ہے، یہ سیاست کا نہیں دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا وقت ہے،وزیراعظم
چارسدہ/نوشہرہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں کہ سیلاب سے چارسدہ اور نوشہرہ میں بہت نقصان ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، نوشہرہ اور چارسدہ میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی کاموں پر بریفنگ لی۔وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین سے ملے اور ان کے مسائل بھی سنے۔
چارسدہ اور نوشہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں آفت آئی ہوئی ہے، یہ سیاست کا نہیں دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا وقت ہے۔ سیلاب سے چارسدہ اورنوشہرہ میں بہت نقصان ہوا۔ 30 سالوں میں اتنی بارشیں نہیں ہوئیں۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو مل کر آفت کامقابلہ کرنا ہوگا۔ سندھ اور بلوچستان میں ہر طرف پانی ہی پانی نظر آرہا ہے۔ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں۔ سیلاب سے لاکھوں مکانات اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔ادھر وزیراعظم نے حکومتی اتحادی جماعتوں کا ہنگامی اجلاس آج بلا لیا، سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر اہم فیصلے متوقع ہیں۔