پانی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے گیس کی بحالی کا کام شروع نہیں ہو سکا، ترجمان سوئی گیس کمپنی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں میں گیس کی بحالی کے لئے سوئی سدرن گیس کی کوششیں جا ری ہیں، سوئی سدرن نے پہلے ہی کوئٹہ اور سبی میں اپنی تکنیکی ٹیموں کے ساتھ تمام بھاری مشینری اور آلات کو منتقل کر دیا ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ اپنی گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کیا جا سکے لیکن پانی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے بحالی کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ پانی کی سطح بہت معمولی طور پر نیچے ہوئی ہے لیکن مرمتی کام شروع کرنے کے لئے یہ ابھی مناسب نہیں ہے مرمتی کام صرف اس وقت شروع ہو سکتا ہے جب پانی کی سطح نمایاں طور پر کم ہو جائے اور بھاری مشینری اور آلات کی نقل و حرکت کے لئے زمین پر ہموار راہداری مل جائے۔ترجمان کے مطابق امید ہے کہ آئندہ چند روز میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو جائے گی۔ جب سوئی سدرن گیس کا عملہ مشینری کے ساتھ پائپ لائن تک رسائی حاصل کرنے کے قابل ہو جائے گا تو یہ تباہ شدہ پائپ لائن کی مرمت کر کے گیس کی فراہمی بحال کرنے کے لئے سیکورٹی عملے کے تحفظ میں دن رات کام کرے گا۔ اس مرمتی کام کے لئے شروع سے ختم ہونے تک متوقع مدت دس دن ہے۔دریں اثناء سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور لیڈ ٹائم کو کم کرنے کے لئے کوئٹہ اور سبی میں تیار سٹینڈ بائی مشینری، پلانٹ، آلات اور ٹیموں کے ساتھ چوبیس گھنٹے صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے