عمران خان کی براہ راست تقریر پر عائد پابندی کا نوٹی فکیشن معطل

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران کی براہ راست تقریر نشر کرنے پر عائد پابندی کا پیمرا کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے براہ راست تقریر نشر کرنے پر عائد پابندی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ کے روبرو سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کی تقاریر ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھانے کی اجازت دیتے ہوئے پیمرا کا پابندی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر پر پابندی کا نوٹی فکیشن پیمرا کی جانب سے اختیار سے تجاوز ہے۔قبل ازیں عمران خان نے پی ٹی آئی وکلاء کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اپنی تقریر میں شہباز گل پر تشدد کا حوالہ دیا تھا اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی بات کی تھی۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ ’میری تقریر کو غلط طریقے سے نفرت انگیز تقریر کے طور پر لیا گیا لہذا براہ راست میری تقریر نشر کرنے پر عائد پابندی کا حکم کالعدم قرار دیا جائے‘۔عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حق قانون نے بطور شہری دے رکھا ہے لہذا کسی کو بھی قانونی کارروائی کا کہنا نفرت انگیزی کے زمرے میں نہیں آتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے