اسلام آباد ہائیکورٹ،نواز شریف اور شہباز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکیل سید ظفر علی شاہ کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی ہے۔
عدالت کا کہنا ہےکہ یہ درخواست اب بھی زیر سماعت ہے، توہین عدالت کی درخواست یہاں قابل سماعت نہیں، لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف سے متعلق عبوری حکم نامہ جاری کیا، حکم نامے میں وفاقی حکومت کی عائد شرط ختم کی گئی، نہ ہی وفاقی حکومت اور نہ ہی نیب نے اس حکم نامے کوچیلنج کیا، اس لیے لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملہ سننا اس عدالت کا اختیار نہیں ہے۔
خیال رہے کہ وکیل سید ظفر علی شاہ نے بطور پٹیشنر اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف بیماری کی غرض سے لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے تھے، نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرایا۔
درخواست گزارنے استدعا کی کہ نواز شریف مختلف عدالتوں سے اشتہاری ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، عدالت نواز شریف کی واپسی کے لیے احکامات جاری کرے۔درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، وفاقی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست میں رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا کہ بیان حلفی لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرایا گیا اس لیے درخواست کے لیے وہی فورم بنتا ہے۔