کوئٹہ میں ڈیم ٹوٹنے کی خبریں افواہ اور بےبنیاد ہیں،ڈپٹی کمشنر
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں ڈیم ٹوٹنے کی خبر کو ڈپٹی کمشنر نے افواہ اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر کے آس پاس تمام ڈئمز محفوظ ہیں، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، سوشل میڈیا پر موجود افراد سے گزارش ہے کہ افواہوں کے خاتمے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ کے مکین افواہوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں گھر چھوڑ رہے ہیں جس کے باعث خوف و ہراس پھیل رہا ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ واپس اپنے گھروں میں جائیں، اپنے بچوں اور املاک کو مشکل میں نہ ڈالیں۔
ڈی سی کوئٹہ کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ کے علاقوں ہنہ، نواں کلی، کچ موڑ، الماس چوک، جتک آباد، کچلاک اور ائیر پورٹ روڈ کے شہری افواہوں سے متاثر ہوکر گھر چھوڑنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ انتظامیہ کے ہمراہ ہنہ اوڑک کے علاقہ میں موجود ہوں، اس لیے عوام اطمینان سے گھروں میں جائیں تاکہ نقصان سے بچاجاسکے۔