پاک فوج سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کوبحال کرنے کے لئے ہرقسم کی معاونت کے لئے تیار ہے، جنرل آصف غفور
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں ریلیف فراہم کے لئے اپنی کو ششیں جا ری رکھے ہوئے ہے، پاک فوج بلوچستان کی سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کو بحال کرنے کے لئے ہر قسم کی معاونت کے لئے تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے بی بی نانی پل کا دورہ کیا جہاں گزشتہ تین روز سے پل ٹوٹنے کے باعث لوگ پھنسے ہوئے تھے۔انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ 12گھنٹوں میں شاہراہ کی بحالی کے لئے بائی پاس کی تعمیر کا مکمل کیا جائے ساتھ ہی پاک فوج کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوج کی میڈیکل ٹیم اور خوراک اور پانی کی فراہمی کا انتظام بھی کیا جائے۔لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے مچھ اور گردونواح کے متاثرین کے ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اورمتاثرین سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی جلد از جلد سیلاب متاثرین کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان کے بچاؤ اور ریلیف کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ بعد ازاں چیئرمین این ایچ اے نے کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سے ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے چیئرمین کو بائی پاس کی تعمیر کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی تمام سڑکوں کی جلد ازجلد بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے چیئرمین این ایچ اے کو فوج کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔