پاکستان آرمی اورایف سی بلوچستان کا سول انتظامیہ کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیواورریلیف آپریشن جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان کا سول انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیواور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان کی کثیر آبادی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ روڈ نیٹ ورک کے متاثر ہونے سے مشکلات کے باوجود امدادی کام جاری ہیں۔سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ جھل مگسی اور نوشکی کے مختلف متاثرہ علاقوں سے 250 سے زائد لوگوں کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔ ڈیرہ مراد جمالی میں بھی متاثرین کو محفوظ جگہ پر منتقل کر کے پکا ہوا کھانا، ٹینٹ، راشن اور دوسری ضروری اشیاء مہیا کی گئیں۔ اسکے علاوہ کوئٹہ، مسلم باغ، چمن، سوئی، کوہلو، سبی، لہڑی، نصیر آباد، بیلہ، اوتھل اور جعفر آباد کے علاقوں میں بھی سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کی جا رہی ہے۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مختلف مقامات پر فری میڈیکل کیمپس قائم کر کے 1000 سے زائد لوگوں کومفت علاج معالجے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ذرائع آمدورفت کی جلدبحالی کیلئے سول انتظامیہ اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے شاہراوں اور پلوں کی مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور N-70 کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان اپنے تمام تر وسائل کو برؤئے کار لاتے ہوئے سیلاب زدگان کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں شب وروز مصروف عمل ہے۔