عدالت نے جمیل فاروقی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) ڈسٹرکٹ کورٹ نے یوٹیوبر جمیل فاروقی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ شہباز گل پر جسمانی تشدد سے متعلق بیان دینے پر گرفتار ہونے والے یوٹیوبر و نجی ٹی وی کے اینکر محمد جمال الدین عرف جمیل فاروقی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا تھا۔
ایف آئی اے نے عدالت سے جمیل فاروقی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے جمیل فاروقی کو جیل بھیج دیا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ڈیوٹی مجسٹریٹ یاسر محمود قریشی نے جمیل فاروقی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو سماعت کے دوران ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ حکام نے ملزم جمیل فاروقی کو عدالت پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کیس ایف آئی اے کا بنتا ہی نہیں‘۔
پولیس کے مطابق ملزم جمیل فاروقی نے اپنے وی لاگ میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر ملزم شہباز شبیر گل پر جسمانی اور جنسی تشدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے اشتعال انگیز، من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔