دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب، نوشہرہ سے عوام کے انخلا کی اپیل
نوشہرہ (ڈیلی گرین گوادر)خیبر پختونخواہ میں سیلاب سے ہلاکتوں اور تباہی کا سلسلہ ہفتے کے روز بھی جاری رہا جہاں سوات میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے نتیجے میں مزید تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ نوشہرہ میں حکام نے دریائے کابل میں بہت اونچے درجے کے سیلاب کے سبب عوام سے انخلا کی اپیل کی ہے۔
غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر صوبے کے متعدد علاقوں میں رین ریمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جہاں ان بارشوں اور سیلاب نے ملک کے بیشتر حصوں کو بحران میں دھکیل دیا ہے۔اس وقت پاکستان کا نصف سے زیادہ حصہ زیر آب ہے اور مون سون کی غیر معمولی بارشوں سے پیدا ہونے والے سیلاب کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین اندازوں کے مطابق تقریباً 300 بچوں سمیت 1ہزار افراد بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جہاں اب تک سیلاب اور بارشوں سے تقریبا 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔