بلوچستان میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ٹیلی کام سروسز کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ٹیلی کام سروسز کی فراہمی معطل ہوگئی، سروسز بند ہونے کے باعث بلوچستان کا ملک بھر سے رابطہ منقطع ہوگیا، امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث صوبے میں پی ٹی سی ایل، موبائل ٹیلی کام رابطے معطل ہوگئے۔ پی ٹی سی ایل ترجمان کے مطابق سڑکوں اور پلوں کے ساتھ بچھائی گئی فائبر کیبلز کئی مقامات پر سیلاب کی زد میں آکر کٹ گئی ہیں۔ پی ٹی سی ایل ترجمان کے مطابق خرابی سے بلوچستان کے وسطی اور شمالی حصوں میں ٹیلی کام سروسز کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ پی ٹی سی ایل ترجمان نے بتایاکہ پی ٹی سی ایل کی تکنیکی ٹیمیں متاثرہ مقامات تک پہنچنے اور خرابی دور کرنے کی کوشش کررہی ہیں، ٹیلی کام سروسز کو ترجیحی بنیادو ں پر بحال کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کے باعث آپٹیکل فائبر کیبل متاثر ہونے کے باعث کوئٹہ، زیارت، خضدار، لورالائی، پشین، چمن، پنجگور، ژوب، قلعہ سیف اللہ،قلعہ عبداللہ سمیت دیگر علاقوں میں وائس اور ڈیٹا سروسز معطل ہوگئیں۔پی ٹی اے کے مطابق صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں پی ٹی اے تمام تر صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔