پاکستان کے عوام کا مسئلہ شہبازگل نہیں بلکہ دو وقت کی روٹی اور روزگار ہے، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات اور غدار ی کے لیبل لگانے کی بجائے عوام کی ملکر خدمت کریں،پاکستان کے عوام کا مسئلہ شہباز گل نہیں بلکہ دو وقت کی روٹی اور روزگار ہے اگر حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا تو تاریخ کبھی بھی انہیں معاف نہیں کریگی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ اسوقت سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات غداری کے لیبل لگانے میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل ”شہبازگل“ شہ سرخیوں میں ہیں عوام کا مسئلہ شہبازگل نہیں بلکہ دو وقت کی روٹی اور روزگار ہے مہنگائی کے ہاتھوں پیسے ہوئے عوام نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں اور اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں لیکن سیاسی و مذہبی جماعتوں کو عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاستدانوں نے ادارکاری میں فلمی اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے آئے روز نئے نئے ڈرامے عوام کے سامنے پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں اور پاکستان کو بحرانوں سے نکالیں اگر سیاستدانوں نے ملک و قوم کیلئے کچھ نہیں کیا تو آنے والی نسلیں انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے