سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی سے نمٹنے کے لیے قومی جذبہ دکھانا ہوگا، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ملک میں سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں غیرمعمولی تباہی سے نمٹنے کے لیے قومی جذبہ دکھانا ہوگا، متاثرین سیلاب کے لیے قوم خصوصاً بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے، بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکارہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں سے مل کربھرپورکوششیں کررہی ہے اور وسائل کو موبلائز کیا جارہا ہے، تیزبارشوں اور شدید سیلابی ریلوں سے ریلیف کےکاموں میں مشکلات آرہی ہیں، عوام کی مدد سے متاثرین کا ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز بنایا جاسکتا ہے۔وزیراطلاعات نے وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے اس میں عطیات جمع کرانے کی اپیل کی اور کہا کہ مصیبت میں گھرے اہل وطن ہماری مدد کے منتظر ہیں، آئیں ہم سب بنیں سہارا، عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔