ڈپٹی کمشنرمیجرریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی برسات کے موقع پرعوام کے درمیان موجود، ریسکیو آپریشن جاری

خضدار(ڈیلی گرین گوادر)ضلعی انتظامیہ خضدار عوام کے لئے مسلسل فکر مند،ضلعی انتظامیہ کی سربراہی کرنے والے ڈپٹی کمشنر میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی برسات کے موقع پرعوام کے درمیان موجود، ریسکیو آپریشن جاری، سیلاب کے خطرات کو ذائل کرنے عوام کو ریلیف پیکج فراہم کرنے کا تسلسل برقرار۔بارش کے اس نئے اسپیل کا 24 اگست سے 27 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔اس ہفتے آنے والے اسپیل کا پہلے سے ہی پیشن گوئی کی گئی تھی اور ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی تدابیر کے طور پر عوام کے نام ایک پیغام بھی جاری کیا تھا۔ بدھ کی صبح سے شروع ہونے والی برسات تاحال جاری ہے اس دوران خضدار شہر کے مختلف مقامات پر سیلابی پانی سے مسائل درپیش تھے کہیں قومی شاہراہ بند تو کہیں گلی محلوں اور گھروں میں پانی جمع ہوگیا تھا جب کہ بعض مقامات پر شہریوں کی جانب سے دیواریں کھڑی کرکے پانی کا راستہ روکا گیا تھا جس سے وہاں کے رہائشیوں کو بے حد پریشانی کا سامنا تھا اس تمام تر صورتحال سے نکلنے کے لئے پلان کے تحت اقدامات اٹھاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو آپریشن جاری رکھا اور سیلابی خطرات کو مسلسل دور کرتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار جہانزیب نور شاہوانی نے لیویز عملے کے ہمراہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر شہسوار چوک سے قبل سیلاب کے جمع ہونے والے چھوٹے ڈیم نماء پانی کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر راستہ بنوا کر وہاں سے پانی کو ایک مختص چینل کے ذریعے ندی کی جانب موڑ دیا گیا اور اب پانی ندی میں بہہ رہاہے۔ این 25شاہراہ کے مذکورہ مقام پر بارش کا پانی برسوں سے جمع ہوتا تھا جس سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کو روانی میں مسئلہ درپیش تھا تاہم آج یہ مسئلہ بھی حل کردیا گیا۔ کوشک سونیجی میں سیلابی پانی کے آگے دیوارکھڑی کی گئی تھی جس کی وجہ سے پانی آبادی کی جانب تجاوز کررہا تھا اور اس سے دیگر بہت سارے گھروں کو شدید خطرات لاحق تھے ضلعی انتظامیہ نے صوبائی پالیسی کے تحت سیلابی پانی کے آگے سے رکاوٹ اور دیواروں کو ہٹا کر پانی کو راستہ دیا گیا۔اسی طرح شہر کے جس جس ایریا سے ممکنہ خطرے کی کال انتظامیہ کو موصول ہوتی رہی ضلعی انتظامیہ وہاں عوام کو برساتی پانی اور سیلاب سے حفاظت کے لئے پہنچی اور مسائل دور کرتی رہی۔ بعض مقامات پر خستہ دیواروں کو گرادیا گیا تاکہ وہاں کوئی حادثہ رونماء نہ ہو اسی طرح دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر عوام کو ریلیف پیکج پہنچایا۔ڈپٹی کمشنر خضدار میجرریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار لیویز اہلکا ر صبح سے شام تک ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے تھے اور یہ ریسکیو آپریشن رات گئے تک بھی جاری رہیگا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کا کہنا تھاکہ رواں سال کے مون سون کی بارشیں تاحال جاری ہیں اور ستائیس اگست تک شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے اس سلسلے میں عوام کو پہلے ہی پیغام پہنچایا تھا کہ وہ غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی خستہ حال دیوار یامکان کی صورت میں انتظامیہ کو آگاہ کردیں۔ا نہوں نے کہاکہ آج کے دن ضلعی انتظامیہ پورے شہرے میں ریسکیو آپریشن میں مصرف رہی جہاں سیلابی پانی سے شہریوں کو مشکلات تھے وہاں سے سیلابی پانی کو راستہ دیا گیا ہماری نگاہیں پورے خضدار شہر پر مرکوز ہیں لیویز اہلکار مسلسل دوڑ رہے ہیں اورسیلابی خطرات سے عوام کو بچانے کے لئے اپنی خدمات پیش کررہی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر خضدار جہانزیب نور شاہوانی کا کہنا تھاکہ ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی کی قیادت میں ہم اپنے فرائض نبہارہے ہیں لیویز فورس کا کردار ذمہ دارانہ ہے آج پورا دن ہم نے شہر کے ہر اطراف کاجائزہ لیا ہے اور ہر طرف وزٹ کیا ہے جہاں کہیں عوام کو بارش اور سیلابی پانی سے مسائل درپیش تھے ہم نے وہی عوام کی خواہشات کے مطابق ریسکیو آپریشن کیا ہے یہ اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے ہماری کوشش ہے کہ کہیں بھی عوام کو کسی بھی قسم کی دقت اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مون سون کی بارش اور سیلاب سے عوام کی جان و مال محفوظ رہیں۔ اس موقع پر محکمہ زراعت اور میونسپل کارپوریشن کے آفیسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے