ممنوعہ فنڈنگ کیس، قاسم سوری کی درخواست خارج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما قاسم سوری کی درخواست خارج کر دی۔ایف آئی اے نے قاسم سوری سمیت پی ٹی آئی کے 4 رہنماؤں کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی اکاؤنٹ میں ٹرانزیکشن کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما قاسم سوری نے ایف آئی اے میں طلبی کےخلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے گزشتہ روز قاسم سوری کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
چیف جسٹس نعیم اختر افغان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قاسم سوری کی درخواست مسترد کر دی۔واضح رہے کہ قاسم سوری نے فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔