ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے حالیہ شدید بارشوں کے بعد امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کی نگرانی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی فاروق عبداللہ اور اسسٹنٹ کمشنرکوئٹہ صدر نقیب اللہ کاکڑ نے شہر کے مختلف علاقوں جن میں پشتون آباد،نورزئی کالونی،اسپن مسجد،عثمان آباد،کلی خانیزئی اغبرگ،کرسچن کالونی،کلی ناصران نواں کلی،فیصل ٹاؤن،بروری روڈ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کی نگرانی کی اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کئیں اور ان میں امدادی سامان بشمول راشن کے پیکٹس تقسیم کئے۔اسسٹنٹ کمشنرز نے موقع پر متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ نالیوں سے کوڑا کرکٹ کو صاف کریں اور ملبے وغیرہ کو فوری طور پر ٹھکانے لگائیں تاکہ پانی کے نکاسی میں کوئی خلل نہ رہے اسکے علاوہ ریونیو سٹاف کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والی نقصانات کا جائزہ لے کر ان کے تخمینے کو جلدازجلد مکمل کریں تاکہ متاثرین کی نقصانات کے ازالے کے لیے رپورٹ حکام بالا کو بروقت بھجوائی جاسکے۔اس کے علاؤہ انہوں نے شہر کی مختلف سڑکوں پر کلیئرنس کے کام کا بھی جائزہ لیا مذکورہ ریلیف کاروائیوں میں ندیم اکرم تحصیلدار،احسام الدین تحصیلدار اور جاوید الرحمان رسالدار بھی ہمراہ تھے۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ بارش متاثرین کی امداد کے لیے ہرممکن کوشش کررہی ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کو خود نگرانی کررہے ہیں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو ریلیف اور سہولیات فراہم کیا جاسکے جبکہ ضلعی انتظامیہ بلاتفریق شہر کے ہر علاقے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے