سیلاب سے متاثرہ دوردرازاضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکواضا فی فنڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ بلو چستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلو چستان کے سیلاب سے متاثرہ دور دراز اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اضا فی فنڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے جس سے وہ مقامی مارکیٹوں سے امدادی سامان اور خوراک فوری طور پر خرید کر متاثرین کو فراہم کریں گے۔یہ بات انہوں نے بد ھ کو سینئر صوبائی وزیر نور محمد دمڑ،عبدالرشید بلوچ،میر نصیب اللہ،مری مبین خان خلجی سردار مسعود لونی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار سرفراز ڈومکی سے ملا قات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزراء کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ملا قات میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مربوط اور موثر بنانے سے اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت اپنی بھرپور استطاعت اور توانائی کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ حکومت متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور انکی بحالی کے عمل کو بھی یقینی بنائے گی۔وزراء نے وزیراعلیٰ کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے متاثرین کی داد رسی کی جانب اہم پیش رفت ہو گی۔وزراء سے گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ذرائع مواصلات متاثر ہونے سے پی ڈی ایم اے کو امدادی سامان کی ترسیل میں مشکلات درپیش آرہی ہیں،بلو چستان کے دور دراز کے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو اضافی فنڈز کا اجراء کیا جارہا ہے۔اس اقدام کا مقصد مقامی مارکیٹوں سے امدادی سامان اور خوراک فوری طور پر خرید کر متاثرین کو فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر خریداری سے متاثرہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں اور روزگار بھی پیدا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے