سيلاب کی تباہی کو حکومتی سطح پر اکیلے حل نہیں کر سکتے، وزیرصحت
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر صحت کی زیرِ صدارت بلوچستان اور سندھ میں سیلاب کی صورتحال کیلئے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے پلیتھا ماہی پالا نے بھی شرکت کی۔وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ سيلاب کى تباہی کو حکومتی سطح پر اکیلے حل نہیں کر سکتے، صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہيں۔عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سیلاب متاثرین کيلئے دواؤں کی دو کھیپ بھجوا چکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے نمائندے پلیتھا ماہی پالا کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنایا ہے، وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے مخصوص مچھر دانیاں، گولیاں سندھ اور بلوچستان روانہ کردی ہيں۔پلیتھا ماہی پالا کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت فوری طور پر موبائل لیبارٹری بلوچستان اور سندھ روانہ کرے گی، عالمی ادارہ صحت پانی کو صاف کرنے والی 10 لاکھ گولیاں فوری فراہم کرے گا۔