اپنی تنخواہ استعمال نہیں کرتی، شوہر سے خرچہ لیتی ہوں،زرتاج گل
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گُل کا کہنا ہے کہ مجھے اپنی تنخواہ بھی ملتی ہے مگر میں اپنا خرچہ شوہر سے لیتی ہوں۔
زرتاج گُل اور اُن کے شوہر ہمایوں رضا خان اخوند کی جانب سے ایک نجی چینل کو انٹرویو دیا گیا جس کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہو گیا ہے۔اس انٹرویو کے دوران سابق وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گُل کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی تنخواہ ملتی ہے مگر اس کے باوجود میں شوہر سے اپنے اخراجات کے مطابق پیسے لیتی ہیں کیوں کہ میرے خیال میں خرچہ فراہم کرنا شوہر کی ذمے داریوں میں سے ایک ذمے داری ہے۔
انٹرویو کے دوران زرتاج گُل نے ہنستے ہوئے شوہر سے شکوہ کیا کہ انہوں نے مجھے کبھی تحفہ نہیں دیا ہے، نہ جانے یہ کن خواتین کو تحفے دیتے ہیں۔زرتاج گُل کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے کبھی میری کُھل کر تعریف نہیں کی، جب میری نئی نئی شادی ہوئی تھی تب شوہر کی جانب سے سراہے جانے کا انتظار رہتا تھا مگر اخوند صاحب نے کبھی تعریف نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب وہ بھی خوبصورت ہوا کرتی تھیں مگر اب تو سیاست نے اُن کی خوبصورتی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، اسی طرح اُن کے والد کی طرح اُن کے شوہر بھی ماضی میں کافی ہینڈسم تھے۔زرتاج گل نے سیاست سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے علاقے ڈیرہ غازی خان سے ملک کے صدر اور وزیرِ اعظم بھی بنے مگر تاحال اس علاقے کی حالت تبدیل نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ڈیرہ غازی خان سے منتخب ہونے والے سیاستدان اپنے علاقے کے بجائے لاہور اور اسلام آباد میں زیادہ رہتے تھے جبکہ میں دارالحکومت کے بجائے زیادہ تر اپنے علاقے میں رہتی ہوں۔زرتاج گُل کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرے پاس ڈیرہ غازی خان کے علاوہ کسی دوسرے شہر میں گھر نہیں۔